کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کے ڈی اے ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواستوں پر چیف سیکریٹری سندھ کو ڈی جی کے ڈی اے و دیگر کے خلاف ایک بار پھر انضباطی کارروائی کرنے کا حکم دیدیا، چیف سیکریٹری کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کرانے پر جسٹس عدنان الکریم میمن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا ہم بار بار ہر کیس میں چیف سیکریٹری کو عدالت بلائیں، پینشن ہر ملازم کا قانونی حق ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جب تک تمام ملازمین کو پیشن ادا نہیں کی جائے گی یہ حکم چلتا رہے گا، عدالت نے آئندہ سماعت پر چیف سیکریٹری سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔