کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ہونے والی ”کشمیر کانفرنس“ نے بھارت کے غاصبانہ تسلط اور بدترین ریاستی جبر و تشدد کے خلاف اہل کشمیر کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آزادی کشمیر پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت و ریاست کسی بھی قسم کی سودےبازی یا بزدلی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کے حق ِ خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پوری قوم یک جان اور ایک زبان ہو کر شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، کانفرنس کے شرکاء نے 5فروری کو جماعت اسلامی کے تحت جیل چورنگی تا مزار قائد ”یکجہتی کشمیر ریلی“ کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا ، منعم ظفر خان نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ، زمین نہیں سوا کروڑ انسانوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے، حکومت و ریاست کشمیر ی عوام کو بھارت کے تسلط سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردا ر ادا کرے،اقوام متحدہ کا کردار ہم سب کے سامنے، اقوام متحدہ اپنی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے، کانفرنس سے مسلم پرویز، قاری محمد عثمان، عقیل انجم قادری، نصرت مرزا، چوہدری شاہین اقبال، صابر ابو مریم، محمد یونس بونیری، حافظ احمد علی، یونس سوہن ایڈوکیٹ،مولانا محمد امین انصاریو دیگر نے بھی خطاب کیا ۔