باڑہ،لنڈیکوتل (نمائندگان جنگ )ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن عباس شینواری نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ذرائع کے مطابق شہید کیپٹن عباس شینواری نے وطن کے دفاع کے دوران فرض شناسی، بہادری اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان کی شہادت کی خبر سن کر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی ہے۔باڑہ نمائندہ جنگ کے مطابق باڑہ میں ڈرون حملہ میں کیپٹن سمیت سپاہی شہیدہوگیا۔تفصیلات کے مطابق تحصیل باڑہ علاقہ ممانڑے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 40 بلوچ یونٹ ڈی ڈی یو ٹیم کے کیپٹن عباس اور سپاہی فرحان شہید ہوگیا۔حملے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ۔حملے میں شہید کیپٹن عباس کا تعلق لنڈی کوتل علاقہ کندوخیل سے تھا۔ادھرعسکری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں آپریشنل ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن عباس خان شہید کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی ۔نماز جنازہ میں وزیراعلی خیبرپختونخوا، کور کمانڈر پشاور، شہید کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کیپٹن عباس خان شہید ۔کا جسدِ خاکی آبائی علاقہ کو روانہ کر دیا گیا جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے۔ دفاع وطن کیلئے شہداءکی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو مزیدتقویت دیتی ہیں۔