کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) آئی آئی چند ریگر روڈ کے اطراف گلیوں میں مختلف دفاتر کے ملازمین کی کھڑی گاڑیوں پر غلط پارکنگ کے نام پر ای چالان موصول ہونے پر شہری تشویش میں مبتلا ہوگئے،ذرائع کے مطابق چند روز قبل آئی آئی چند ریگر روڈ کے اطراف میں واقع گلیوں میں کھڑی مختلف دفاتر کی گاڑیوں کی ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر نےاپنے موبائل فون سے تصاویر بنائیں ،دفاتر کے ملازمین کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ یہ دفاتر کی گاڑیاں ہیں تو انہوں نے گلی میں گاڑی کھڑی کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گاڑیوں کی تصاویر بنانا جاری رکھا اور بعد ازاں گاڑیوں کے مالکان کو ان کے گھروں پر غلط پارکنگ کے نام پرچالان موصول ہونا شروع ہوگئے رواں ماہ 2 فروری کو ایک شہری کو 10 ہزار روپے جرمانہ کے ساتھ موصول ہونے والے چالان میں مقام "ربوٹ آئی آئی چند ریگر روڈــــــ" اور قسم میں" غلط پارکنگ " درج ہے ،شہری نے بتایا کہ ان کی گاڑی دفتر کے سامنے گلی میں کھڑی تھی جہاں پر نوپارکنگ کا کسی قسم کا کوئی بورڈ آویزاں نہیں تھا،اس سلسلہ میں ڈی آئی جی ٹریفک مظہر نواز شیخ کو صورت حال سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے مسئلہ کو دیکھ کر اس کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔