کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ نے جدید پارلیمانی نظام پر غور شروع کردیا ،شرجیل میمن، صوبائی اسمبلی میں 14 سال بعد بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس، ملکی و غیر ملکی وفود کا اظہار خیال۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سی پی اے کانفرنس جمہوری مکالمے اور اچھی حکمرانی سے وابستگی کا واضح اظہار ہے، جبکہ آج پارلیمانی جمہوریت کو اعتماد میں کمی، سیاسی تقسیم اور ڈیجیٹل و ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے،کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) جیسی اہم کانفرنس سے خطاب کرنا باعثِ اعزاز ہے، دنیا اس وقت فیصلہ کن عالمی تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے اور ایسے میں جمہوری اداروں کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ سی پی اے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بروقت اور بامعنی فورم کے انعقاد پر کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن اور صوبائی اسمبلی سندھ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور صوبائی اسمبلی سندھ کے اسپیکر کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں اسمبلی نے پارلیمانی روایات اور بین الاقوامی روابط کو مضبوط کیا ہے۔