کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہر کارکن کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے،ایم کیو ایم پاکستان، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا،خالد مقبول و علی خورشیدی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یومِ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اور ایم کیو ایم پاکستان کا ہر کارکن کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ِ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانیت انصاف اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی زندہ مثال ہے جس پر دنیا کی خاموشی لمحۂ فکریہ بن چکی ہے، بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں برسوں سے نہتے شہریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا،حکومت پاکستان سے مطالبہ ہےکہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی فورمز انسانی حقوق کونسل اور بین الاقوامی عدالتوں میں مزید مؤثر اور جارحانہ سفارتی حکمتِ عملی کے تحت اجاگر کیا جائے۔