کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ حکومت کے فیصلے کا احترام کریں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا، اسی کے مطابق عمل کریں گے۔ بنگلہ دیشی ہمارے بھائی ہیں افسوس ہے کہ وہ ورلڈ کپ نہیں کھیل رہے۔ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کولمبو میں جمعرات کو پری ٹورنامنٹ پریس کانفرنس میں کیا۔ ادھر ممبئی میں پریس کانفرنس سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے تصدیق کی کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود ٹیم طے شدہ شیڈول کے مطابق کولمبو کا سفر کرے گی۔ ہماری سوچ بالکل واضح ہے، ہماری فلائٹ بک ہے اور ہم جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان کو 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور وہ 2 پوائنٹس بھارت کو مل جائیں گے۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بھارت کے علاوہ تین اور میچ ہیں شائقین انہیں آکر انہیں دیکھ سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ میچ دلچسپ ہوں ۔میرا پہلا ورلڈ کپ ہے اور میں بہت پُرجوش ہوں، میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی اور پچھلے ٹورنامنٹس کے مقابلے میں اس مرتبہ ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے گی۔ ایشیا کپ کے بعد سے ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا ہے اور ہم ایشیا کپ کے بعد سے گزشتہ 6 ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم تیار اور کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ نیدرلینڈزسے مقابلےکی تیاری کر رہے ہیں۔ سری لنکا میرے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے۔ یہاں کئی بار کھیل چکا ہوں، بہت سپورٹ ملتی ہے، یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں ۔ پچھلے تین ایونٹس میں ہم اس قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکے جیسی لوگ ہم سے چاہتے تھے اور ہم خود توقع رکھتے تھے۔ لیکن ہم نے اس سے سیکھا ہے۔ ہر کھلاڑی اپنے کردار کو جانتا ہے اور اسے اچھی طرح سے نبھا رہا ہے، وہ ایسی چیزوں پر زیادہ فوکس نہیں کریں گے جنہیں کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، ٹیم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔ سلمان آغا نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ سری لنکا میں شائقین کو اس وقت بھارت اور پاکستان گیم کی منسوخی سے زیادہ پریشانی ہے۔