نئی دہلی (جنگ نیوز) سابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کا اقدام کو عالمی کرکٹ میں مساوی سلوک قائم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چند طاقتور ارکان کے قبضے میں آ چکی ہے، جس کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کو یہ جرات مندانہ قدم اٹھانا پڑا۔ آئی سی سی نے اپنی خودمختاری قربان کر دی، طاقتور ارکان سیاسی کنٹرول کے ذریعے شیڈولنگ، میزبانی اور پالیسی سازی میں حاوی جبکہ دیگر بورڈ محدود امکانات کے ساتھ رہ گئے۔ آئی سی سی نے بڑی مارکیٹ اور نشریاتی مفادات کو ترجیح دے کر پاک بھارت میچ ایونٹس کا تاج بنا دیا، جس سے پورا ٹورنامنٹ ایک میچ پر منحصر ہو گیا۔ اگر پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلا تو آئی سی سی یا بھارت کی جانب سے کسی بھی کارروائی پر قانونی و سیاسی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، جس کے اثرات تمام رکن ممالک پر مرتب ہوں گے۔ اگر آئی سی سی یا بھارت نے کسی بھی قسم کی کارروائی کی تو قانونی اور سیاسی پیچیدگیوں سےبچنا ممکن نہیں ہوگا۔