نیویارک،اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل ( UNSC ) سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی ( بی ایل اے ) کو سلامتی کونسل کے پابندیوں کے نظام کے تحت دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے لیے فوری کارروائی کی جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ سرحد پار بیٹھے سرپرستوں، مالی معاونین اور سہوتکاروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے دہشتگردی کے باعث بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ کونسل 1267 پابندیوں کے نظام کے تحت بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے لیے جلد فیصلہ کرے گی۔سفیر عاصم افتخار نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت پر سلامتی کونسل کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہے اور سرحد پار بیٹھے سرپرستوں، مالی معاونین اور سہولتکاروں کو بے نقاب کرتا رہے گا۔