• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک پولیس کی غلطیوں سے متاثر شہری سہولت سینٹرز میں بھی خوار ہونے لگے

کراچی (ثاقب صغیر )ٹریفک پولیس کی غلطیوں سے متاثر شہری سہولت سینٹرز میں بھی خوار ہونے لگے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی غلطیوں کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔شہر میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کو تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے تاہم سسٹم کی خرابیوں کا شکار شہری سہولت سینٹرز پر خوار ہونے پر مجبور ہیں۔ جن شہریوں کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ دوسرے لوگ لگا کر شہر میں گاڑیاں چلا رہے ہیں ان کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان گاڑی کے مالک کو موصول ہو رہے ہیں،اسی طرح شہریوں کے غلط چالان کیے گئے ہیں ۔جب متاثرہ شہری ٹریفک سہولت سینٹرز جاتے ہیں تو انھیں وہاں طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔گذشتہ دنوں آئی آئی چند ریگر روڈ کے اطراف گلیوں میں مختلف دفاتر کے ملازمین کی کھڑی گاڑیوں پر غلط پارکنگ کے نام پر ای چالان جاری کر دئیے گئے۔ایک متاثرہ شہری کو ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ جمعہ کو صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب ایس پی ٹریفک ایسٹ کے دفتر کے ساتھ موجود سہولت سینٹر میں رابطہ کرے۔متاثرہ شہری جب وہاں دوپہر 12:30 بجے پہنچا تو اسے کہا گیا کہ اب وہ نماز جمعہ کے بعد آئے۔سہولت سینٹرز میں ٹریفک پولیس کے سسٹم کی غلطیوں کا شکار شہریوں کو طویل قطاروں میں لگنا پڑتا ہے اور وہاں ایسے شہریوں کے لیے کوئی الگ ڈیسک موجود نہیں ہے جنھیں ای چالان سسٹم کی خرابیوں کے باعث جانا پڑ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو وہ اس کا جرمانہ بھرنے کو تیار ہیں تاہم انھیں ناکردہ گناہوں کی سزا دی جا رہی ہے اور اس پر بھی سہولت سینٹرز میں ان کے لیے کوئی علیحدہ سے سہولت موجود نہیں ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید