کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ 8 فروری کوبد ترین انتخابی دھاندلی کے2 سال مکمل ہونے اور فارم 47والی حکومت مسلط کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن سندھ کے باہر سہ پہر 3بجے عوامی پریس کانفرنس کریں گے،حکومت ایف آئی آر درج کرے یا دہشت گردی کی دفعات شامل کرے14 فروری کو شام 4بجے اہل کراچی کے حق،مسائل کے حل اور بااختیار شہری حکومت کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر ایک عظیم الشان دھرنا دیا جائے گا۔جماعتِ اسلامی کراچی کے عوام پرظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ جماعتِ اسلامی سٹی کونسل میں موجود تمام جماعتوں سے بھی قابض میئر کے خلاف عدم اعتماد تحریک کے حوالے سے رابطے کررہی ہے اور جلد ہی قابض میئر کو بھاگنے پر مجبور کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جمعہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین ڈاکٹر فواد کے ہمراہ ٹی ایم سی گلشن اقبال کے تحت محمود غزنوی پارک بلاک 16میں فلاور اینڈ برڈ شو کا افتتاح کیا۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعتِ اسلامی کی بلدیاتی قیادت کراچی کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔امید ہے کہ کراچی ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی جانب بڑھے گا اور ان شاء اللہ یہ شہر روشنیوں کا شہر بنے گا۔ منعم ظفر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ہم جینے دو کراچی مارچ اور یکجہتی کشمیر ریلی میں اہل کراچی کی بھرپور شرکت پر ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ یکم فروری کو ہونے والے عظیم الشان جینے دو کراچی مارچ نے یہ ثابت کردیا کہ اہلِ کراچی ظالم اور نااہل حکمرانوں سے اپنے جینے کا حق مانگ رہے ہیں، جو گزشتہ 17سال سے عوام کو بنیادی حقوق دینے میں ناکام رہے ہیں۔اس مارچ اور14فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کے اعلان سے حکومتی ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔