• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں آتشزدگی کے واقعات میں بھاری مالیت کا سامان خاکستر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں آتشزدگی کے واقعات میں بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہو گیا ،ریسکیو 1122کے مطابق آگ لگنے کے واقعات ایک ہی وقت میں پیش آئے۔تفصیلات کے مطابق ملیرکورٹ کے کے اندر گرائونڈ فلور پر سولر پینلز کے پاور بیک اپ روم اور ساتھ واقع ریکارڈ روم میں آگ بھڑک اٹھی ۔ آگ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 عملہ اورکے ایم سی فائر بریگیڈ موقع پرپہنچے اور آگ پرقابو پا لیا ۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ سولر پینل کے پاور بیک اپ روم میں لگی ،اس کے ساتھ ریکارڈ روم بھی موجود تھا ۔اگ لگنے سے ریکارڈ روم میں موجود کچھ ریکارڈ اور بیٹریاں جل گئیں تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بلدیہ ٹاؤن کفایہ مارکیٹ کے عقب میں واقع رہائشی عمارت کی گراؤنڈ فلور پرواقع دکان میں آگ بھڑک اٹھی ۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی اور عمارت کے دروازے توڑ کر عمارت میں پھنسے شہریوں کو نکالنا شروع کیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے ۔ کے ایم سی فائریگیڈ حکام کے مطابق آگ رہائشی عمارت کی گراؤنڈ فلور پر واقع لنڈا کے جوتوں کی دکان میں لگی تھی۔ دکان میں لگنے والی آگ کا دھواں عمارت کی بالائی منزل تک پہنچ گیا تھا جس کے باعث عمارت میں موجود افرادکومشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم عمارت میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔ آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کے جوتے جل کر خاکستر ہو گئے تاہم فوری طورپرآگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے۔ گلشن معمار جھنجال گوٹھ میں اسکریپ یارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی ، آگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اورںفائربریگیڈ کے عملے کو طلب کیا۔ فائربریگیڈ کے عملے نے فوری آگ پر قابو پا لیا۔ آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، پولیس کے مطابق آگ کچے کے گودام میں لگی تھی۔ریسکیو 1122 کے مطابق تینوں مقامات پر آگ ایک ہی وقت میں لگی ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید