کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے دعوی کیا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے100 فیصد کامیابی حاصل ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا انہوں نے میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں جمعے کو مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر محمد فیروز خان سے مسلم لیگ ن سندھ کے دفتر کے میں ملاقات کی،بعد ازاں سیف الدین ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میئر کراچی خود اپنی ناکامی کا سبب بنے ہیں،موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے،تحریک عدم اعتماد ناگزیر ہے،پیپلزپارٹی کراچی کے لیے کچھ ڈیلیور نہیں کرسکی،مسلم لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کراچی کی بدترین صورتحال پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔جمعیت علمائے اسلام، ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی کے اتحادی ارکان سے بھی مشاورت جاری ہے، پیپلز پارٹی کے ارکان سے بھی انفرادی طور پر رابطے کیے جا رہے ہیں۔ اب تک کی صورتحال انتہائی حوصلہ افزا ہے اور تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اگر آزادانہ رائے دہی کا موقع دیا جائے تو پیپلز پارٹی کے تین چوتھائی ارکان بھی عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیں گے۔ چند دنوں میں اہل کراچی کو خوشخبری ملے گی،جماعتِ اسلامی کراچی کے عوام کو موجودہ ناکام،کرپٹ اورقابض نظام سے نجات دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔محمد فیروز خان نے کہاکہ شہر کے حالات بہت زیادہ خراب ہے، سیوریج کی صورتحال اور سڑکوں کی حالات سب کے سامنے ہیں۔