کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈیفنس کی شاہراہ پر لگے سائن بورڈ پر فحش ویڈیو چلنے سے متعلق مقدمہ میں ملزم اکرام کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے زر ضمانت کی عدم موجودگی کے باعث ملزم کو جیل بھیج دیا ہے ۔ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے ڈیفنس کی شاہراہ پر لگے سائن بورڈ پر فحش ویڈیو چلنے سے متعلق مقدمہ میں گرفتار ملزم اکرام کو پیش کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیاکہ ملزم کے خلاف گزری پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے،مقدمہ کمپنی کے لیگل ایڈوائزر شاکر رشید کی مدعیت میں درج کیا گیاہے،فحش کلپ چلنے پر شہریوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ دوران سماعت وکیل صفائی کی جانب سے ملزم کی درخواست ضمانت جمع کرائی گئی ۔ عدالت نے ملزم اکرام کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے زر ضمانت کی عدم موجودگی کے باعث ملزم کو جیل بھیج دیا ہے ۔