کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے اسلام آباد میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت مذمت کی ہے اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور اس طرح کے حملے انسانی اقدار، اسلام اور قومی اتحاد پر سِیدھا حملہ ہیں اور انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ہر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔دہشت گرد اب خوفزدہ ہو کر بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، معصوم شہریوں کو شہید اور املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، لیکن قوم متحد اور محتاط رہے گی اور ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قومی ایکشن پلان پر بلا تفریق اور مؤثر عملدرآمد کرے، ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آخر میں سردار عبدالرحیم نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔