کراچی (اسٹاف رپورٹر )کورنگی میں دن دیہاڑے نامعلوم مسلح ملزمان شہری سے 16 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی رقم لے اڑے ،بوٹ بیسن میں مبینہ طور پر ماسیوں نے گھر سے 2لاکھ 80ہزار روپے کی نقدی چوری کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ افراد قائد آباد سے رقم لے کر آرہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر ان سے رقم چھین لی ۔ متاثرہ افراد میں گودام کا کیشیئراور سیلز مین شامل ہیں ۔ متاثرہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ مشکوک معلوم ہوتا ہے جس کی تفتیش کی جارہی ہے ۔ لوٹی جانے والی رقم انشورڈ بھی بتائی جاتی ہے ۔ بوٹ بیسن کے علاقے میں واقع فلیٹ سے مبینہ طور پر گھریلو ملازماوں نے 2 لاکھ 80ہزا رروپے کی رقم چوری کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ رضوان نامی شہری جو اسٹریٹ نمبر 4 کا رہائشی ہے نے پولیس کو اطلاع دی کہ 4 جنوری کو اس کے گھر سے گھریلو ملازماوں نے چوری کی ہے جس پر پولیس نے دونوں ماسیوں اور رضوان کو تھانے منتقل کیا ۔ چوری سے متعلق پولیس نے تفتیش شروع کی تو ماسیوں کے ورثاء تھانے آگئے ۔ درخواست گزار رضوان اور ماسیوں کے ورثاء کے مابین صلح ہوگئی ۔ ماسیوں نے چوری سے انکار کیا جبکہ ورثاء کی جانب سے درخواست گزار کو مذکورہ رقم کی ادائیگی کردی گئی جس پر درخواست گزار نے مزید قانونی کارروائی سے انکار کردیا ۔