فیصل آباد (نمائندہ جنگ) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کی جانب سے صنعتی پلاٹس لیزنگ ماڈل کے تحت الاٹ کرنے کی تجویز برآمد کنندگان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گی اور اس سے صنعتی ترقی کا عمل سست پڑنے کا اندیشہ ہے۔ یہ بات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے سینئر نائب چیئرمین احمد افضل اعوان نے کہی ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ منصوبے پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے ملکیتی بنیادوں پر پلاٹس کی الاٹمنٹ کا نظام برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ صنعتی پلاٹس کی قیمتوں میں اضافہ برآمدی صنعتوں کے لئے ہرگز قابل قبول نہیں ہو گا کیونکہ فیڈمک کے صنعتی زونز میں پلاٹس کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور ان میں مزید اضافہ سرمایہ کاروں پر اضافی مالی بوجھ ڈالے گا جس سے صنعتی توسیع اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے گزشتہ دورۂ فیصل آباد کے دوران یقین دہانی کروائی تھی کہ صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے یہ پلاٹس برآمد کنندگان کو مفت فراہم کیے جائیں گے۔