اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں کامیاب انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ،وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی 24 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے ۔ جمعہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں 24 خوارج کا ہلاک ہونا اہم کامیابی ہے، بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے۔