کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا فاتحانہ آغاز، قومی ٹیم نے آل راونڈر فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیدر لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیدی ، فہیم اشرف نے مشکل ترین صورتحال میں زندگی کی بہترین اور یادگار اننگز کھیلتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو نیدر لینڈز کے خلاف ناممکن جیت کو ممکن کردیا۔ایک موقع پر پاکستان کی ہار یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن فہیم اشرف نے11گیندوں پر29نا قابل شکست رنز بناکر پاکستان کو تین وکٹ کی ڈرمائی فتح دلوادی۔ان کی اننگز میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔میکس او ڈاؤڈ نے ان کا کیچ ڈراپ کرکے انہیں لائف لائن دی، گیند کے عین تلے آ کر، دونوں ہاتھوں سے کیچ جھپٹنے کے بعد بھی نجانے کیسے پل بھر کو اپنا ارتکاز کھو بیٹھے اور فہیم اشرف کی جاگی قسمت نے پلٹا کھایا اور پاکستان نے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ تین گیندیں پہلے عبور کرلیا۔پاکستانی ٹیم دوسرا میچ منگل کو امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ہفتے کوکولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ایک موقع پر پاکستان آسانی سے ہدف کا تعاقب کررہا تھا تاہم یکے بعد دیگرے کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے اور 114 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد مشکل صورتحال میں فہیم اشرف نے جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ شاہین آفریدی 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔قبل ازیں صائم ایوب کچھ ہی دیر کریز پر رُکے، وہ 13 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی تیسری اور چوتھی وکٹ 98 رنز پر گری، صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز اور عثمان خان کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔