• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیجی ملک میں مساج سینٹرز، کراچی سے سوشل میڈیا کے ذریعے خاتون کی بھرتی

کراچی (ثاقب صغیر) ایف آئی اے نے جنسی استحصال، انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث دو خواتین سمیت 9ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے خلیجی ملک جانے والی دو خواتین سمیت 3 مسافروں کو روک دیا۔مسافروں میں سمیرا، نوشین اسحاق اور جمشید اقبال شامل ہیں۔مسافروں کی نشاندہی پر محمد عاصم اور نعمان نامی سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق خاتون مسافر سمیرا وزٹ ویزے کی آڑ میں مساج سینٹرز اور جنسی استحصال میں ملوث گروہ کے لیے ملازمت کرنے جا رہی تھی۔خاتون مسافر کو شمیلا نامی ملزمہ نے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے بھرتی کیا اور ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے تنخواہ کا وعدہ کیا۔خاتون کو بھجوانے میں شمیلا کے دیگر ساتھی نوشین اشفاق اور اس کے شوہر جمشید اقبال شامل ہیں۔نوشین اقبال اور جمشید اقبال اس سے قبل بھی متعدد خواتین کو یو اے ای بھجوانے میں سہولت کاری کر چکے ہیں۔شمیلا کے کراچی کے علاقے اعظم ٹاؤن میں واقع فلیٹ سے متعدد شواہد اور موبائل فون برآمد کیے گئے جن میں واٹس ایپ چیٹس، تصاویر اور مالی لین دین کے ریکارڈ موجود ہیں۔مسافروں کو محمد عاصم اور نعمان نامی ملزمان نے سفری انتظامات اور ٹرانسپورٹ میں سہولت کاری فراہم کی۔ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے ملتان زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ملزم محمد یوسف کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے شہری کو سعودی عرب ملازمت ویزہ کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 20 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے لاہور زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں لیاقت علی ،نعیم اور محمد امان اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کو لاہور اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق ملزم لیاقت علی نے شہری کو نیوزی لینڈ ورک ویزہ کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 39 لاکھ روپے ہتھیائے،ملزم نعیم نے شہری کو کینیڈا ملازمت ویزہ کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ روپے بٹورے جبکہ ملزم محمد امان اللہ شہری سے سعودی عرب ملازمت ویزہ کے نام پر 3 لاکھ روپے ہڑپ کر گیا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید