لاہور ( جنرل رپورٹر ) جنرل ہسپتال کے ماہر معالجین نے ضلع قصور سے مبینہ ذیادتی کا شکار ہو کر انتہائی تشویشناک حالت میں لائی گئی چار سالہ معصوم بچی کو اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک محنت کے ذریعے نئی زندگی دے دی ہے۔ جس کے بعد اسے گزشتہ روز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی توجہ اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود کی براہِ راست نگرانی میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے فوری طور پر پروفیسرآمنہ احسن چیمہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا۔ جس میں ڈاکٹر سائرہ زیشان اور ڈاکٹر عائشہ افتخار و دیگر شعبوں کے سینئر ماہرین شامل تھے۔ میڈیکل بورڈ کے اراکین نے تمام ضروری گائنا کالوجیکل اور سرجیکل پروسیجرز انتہائی ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت سے انجام دیے، جس کی بدولت بچی کی حالت میں تیزی سے بہتری آئی۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے بطور پیڈیاٹرک پروفیسر روزانہ کی بنیاد پر بچی کا ذاتی معائنہ کیا۔