• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈکپ، ICC کی منانے کی کوششیں، پاکستان، بھارت کے خلاف میچ کچھ شرائط کیساتھ کھیل سکتا ہے، فیصلہ وزیراعظم کریں گے

کراچی(عبدالماجدبھٹی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ کھیلنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پاکستان کو منانے کوششیں جاری ، پاکستان اپنی شرائط منوا کر میچ کھیل سکتا ہے تاہم حتمی فیصلے وزیراعظم شہباز شریف کرینگے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے آئی سی سی کے وائس چیئرمین نے لاہور میں چار گھنٹے طویل ملاقاتوں کے 2 دور کئے جبکہ دوسرا دور رات گئے تک جاری تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بڑی پیش رفت کا امکان ہے،علاوہ ازیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سربراہ نے بھی پی سی بی چیئرمین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب بنگلہ دیش کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جبکہ اماراتی کرکٹ بورڈ نےبھی پاکستان سے رابطہ کرکے بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مذاکرات کے بعد حکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے پاک بھارت کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کرینگے جسکے بعد بڑی پیش رفت ہوسکتی ہے اور پاکستان اپنی شرائط منوا کر میچ کھیل سکتا ہے۔یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ امکان ہے کہ لاہور میں اتوار کی شب چار گھنٹے کے مذاکرات کے بعد دونوں فریقین کے درمیان معاملات بہتری آسکتی ہے اور مذاکرات کا دوسرا دو ر رات گئے جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بتا دیا گیا کہ حکومت پاکستان ہی حتمی فیصلہ کریگی، عمران خواجہ نے پاکستانی موقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس موقع پر اماراتی بورڈ کے مبشرعثمانی بھی مذاکرات میں ویڈیو لنک پرشریک ہوئے۔ سری لنکن اور اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے، ضرورت پڑی تو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پیر کو وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان آئی سی سی وفد کے سامنے اپنی سالانہ آمدنی میں اضافے کی شرط رکھے گا، پاکستان نے آئی سی سی وفد کو نہیں بلایا، وفد نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمران خواجہ کے سامنے واضح موقف رکھ دیاآئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کو رضامند کرنے کیلئے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے وائس چیئرمین عمران خواجہ نے ہنگامی طور پر لاہور پہنچ کر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے اہم ملاقات کی۔ اسی دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے بھی لاہور پہنچ کر محسن نقوی اور عمران خواجہ سے ملاقات کی۔سری لنکا کے بعد امارات کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے رابطہ کرکے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی ہے تاہم محسن نقوی حتمی فیصلہ آنے سے قبل اس معاملے پر ایک بار پھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کرینگے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ بھارتی بورڈ سے بات کرے گا کہ کھیل کی روح کے منافی اقدامات سے گریز کرے اور ہینڈ شیک جیسے ایشوز کو بڑھاوا مت دے۔ پاکستان کو میچ کیلئے راضی کرنے کیلئے کئی آپشن سامنے رکھے گئے متحدہ عرب امارات کرکٹ حکام نے بھی پی سی بی کو فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔اتوار کو کولمبو میں ہونے والے میچ کے لئے حکومت پاکستان بنگلہ دیش کی حمایت میں میچ کھیلنے سے انکار کرچکی ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور پہنچے ہیں جبکہ آئی سی سی کا مصالحتی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کا استقبال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور آئی سی سی وفد میں پاکستان بھارت میچ پر بات چیت ہوگی، آئی سی سی نے وائس چیئرمین عمران خواجہ کو پاکستان بھارت میچ کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔

اہم خبریں سے مزید