کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور زلمی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی اپنے شائقین کو یہ وضاحت کرنا چاہتی ہے کہ افغانستان کے کرکٹر رحمان اللہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ اس وقت کی گئی جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کی جانب سے مکمل این او سی موصول ہو چکا تھا۔ انتخاب کے وقت وہ فراہم کردہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے، اور ان کی سائننگ مکمل طور پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔پشاور زلمی اپنی آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کرے گی۔ جاری بیان کے مطابق گرباز سے متعلق فیصلہ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ بنیادوں پر کیا گیا، جو پاکستان سپر لیگ کے قواعد، پی سی بی کی ہدایات، اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے طے شدہ فریم ورک کے عین مطابق ہے۔ اس فیصلے میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور طے شدہ ضابطہ کار کے علاوہ کسی بھی عنصر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ زلمی گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان سپر لیگ کی نمایاں اور صفِ اول کی فرنچائزز میں مستقل طور پر اپنا مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ پی ایس ایل میں سب سے بڑی اور پُرجوش فین بیس کی حمایت ہمیں حاصل ہے، جن کا غیر متزلزل اعتماد اور وفاداری ہمارے سفر کی اصل بنیاد ہے۔ ہمارا ہر فیصلہ اور ہر اقدام ایک طویل المدتی وژن کے تحت کیا جاتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے عالمی تشخص کو مزید بہتر بنانا، ملک میں کرکٹ کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا، اور پاکستان سپر لیگ کی مجموعی برانڈ ویلیو کو مضبوط بنانا ہے۔ پشاور زلمی پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کرتی رہے گی۔ آئندہ بھی ہم اپنے شائقین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا واحد مقص پی ایس ایل کے برانڈ کو مزید مضبوط بنانا، اس کے معیار کو بلند کرنا، اور ہر ممکن اقدام کے ذریعے اسے عالمی سطح پر ایک بڑی اور قابلِ فخر لیگ کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ہم اپنے شائقین کے مسلسل تعاون، اعتماد اور پشاور زلمی پر یقین کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ آپ کا جذبہ، صبر اور غیر مشروط حمایت ہمیں مزید آگے بڑھنے، نئی مثالیں قائم کرنے اور اس فرنچائز کی اقدار کو برقرار رکھنے کی تحریک دیتی ہے۔