اسلام آباد (نیوز رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نےاسلام آباد میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعے پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پرعالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ عزم پر زوردیا ہے، انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرنا ک حالت پیدا کردیئے، طالبان رجیم نے ایسے حالات پیدا کر دئیے ہیں جو نائن الیون کی طرح یا اُس سے بھی بدتر ہیں،اُس وقت بھی دہشتگرد تنظیمیں عالمی امن کیلئے خطرہ بنی ہوئی تھیں اور اس کا انجام 11 ستمبر کے سانحے کی صورت میں سامنے آیا، پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی معاونت کر کے پاکستان کیساتھ علاقائی اور عالمی امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے، انہوں نے مشکل گھڑی میں اظہارِ ہمدردی اور تعاون پر عالمی برادری کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ امن، استحکام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کاوشوں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارامؤقف بہت واضح ہے کہ کوئی ایک ملک تنہا دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ سوشل پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عالمی رہنماؤں، حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات پر ممنون ہے،یہ پیغامات اس امر کی توثیق کرتے ہیں کہ دہشتگردی اور پرتشدد نظریات کے خلاف جدوجہد مشترکہ ہے۔