بھارت کے دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں میں آج صبح 9 اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد سیکیورٹی ادارے الرٹ ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی فائر سروس کو اسکولوں کی جانب سے دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کی پہلی اطلاع صبح 8 بج کر 33 منٹ پر ملی جس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور بم اسکواڈ کو متاثرہ مقامات پر روانہ کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جن اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہیں ان میں لوریٹو کانوینٹ اسکول، کیمبرج اسکول، سری نیواس پوری، وینکٹیشور اسکول، سی ایم اسکول، بال بھارتی اسکول، دی انڈین اسکول اور ڈی ٹی اے اسکول شامل ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق مزید اسکولوں کو بھی ایسی ہی دھمکیاں ملنے کی اطلاعات ہیں۔
دھمکی آمیز ای میلز میں پیغام دیا گیا ہے کہ ’دہلی خالصتان بن جائے گا‘ اور افضل گرو کی یاد کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
ای میل میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ 13 فروری کو دوپہر 1 بج کر 11 منٹ پر پارلیمنٹ میں دھماکا ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیاں اس معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔