• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلع کمیٹی کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں زیرصدارت صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، پشتونخوا لائرز فورم کے صدر حسین یار ایڈووکیٹ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 8 فروری 2026 کے پرامن جمہوری احتجاج پر ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں کوخراج تحسین پیش کیا اور حکومت کے غیر جمہوری عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی سطح پر تمام سیاسی پارٹیوں ، انجمنوں اور زندگی کے تمام مکاتب فکر کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے ہڑتال کی کامیابی کے لیے اپنا مثبت و جمہوری کردار ادا کیا ۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، تشدد ، کم عمر بچوں کو جیل میں سزا یافتہ خطرناک قیدیوں کے ساتھ رکھنے ، بنیادی سہولیات سے محروم رکھنےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی جمہوری کارکنوں کے ساتھ حکومت کا یہ رویہ قابل افسوس ہے اس سلسلے میں پارٹی ہر قسم کے احتجاج میں حق بجانب ہے اجلاس میں کہا گیا کہ کارکنوں کے جذبے اور ان کی جدوجہد کو اس طرح کے اوچھے ہتکھنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا اجلاس میں پارٹی کارکنوں کے خاندانوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ تشویش میں مبتلا نہ ہوں پارٹی اپنے ہر کارکن کے ساتھ کھڑی ہے۔
کوئٹہ سے مزید