• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل، تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر، موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل بدستور جاری ہے الآصف اسکوائر کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر ٹریفک حادثات میں نجی بینک کا منیجر اور ضعیف خاتون جاں بحق ہو گئی ،تفصیلات کے مطابق مین سپر ہائی وے پرکراچی سے حیدر آباد کی طرف جانے والی سڑ ک پر الآصف اسکوائر پنجاب بس اڈہ کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سےموٹر سائیکل سوار 30سالہ کامران ولد احمد اور20سالہ امان اللہ جاں بحق ہوگیا ، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او تھانہ سچل طفیل بھٹو نے بتایا ہے کہ حادثہ کا ذمہ دار ڈمپر ڈرئیور ڈمپر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے ،پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لیکر تھانہ منتقل کردیا اور ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ، سپر ہائی وے بقائی پل ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 42 سالہ رمیز حسین ولداختر حسین جاں بحق ہو گیا ، لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی،پولیس کے مطابق متوفی گلشن معمار کا رہائشی اورملیر کینٹ کے قریب واقع نجی بینک کا منیجرتھا ، پولیس کے مطابق تیزرفتارگاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تو رمیز اختر سڑک پر گر گیا اسی دوران عقب سے آتی دوسری گاڑی نے رمیز اخترکوکچل دیا ،حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع پر سے فرارہ گئے ، کورنگی ویٹا چورنگی اٹک پمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سےراہ گیر 70 سالہ عائشہ زوجہ سرفراز جاں بحق ہو گئی ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ، ایس ایچ او ناصرمحمود کے مطابق متوفیہ خاتون نشے کی عادی اورسڑک کنارے فٹ پاتھ پر سورہی تھی کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی خاتون پر چڑ گئی، گاڑی کا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہو گیا ۔دربں اثنا سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 17 سالہ منہال علی جاں بحق ،17 سالہ آصف زخمی ہوگیا ،سپرہائی وے احسن آباد پیٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ،اسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج دم توڑ دیا ،متوفی راہگیر تھا شناخت نہیں ہو سکی ، عمر 65 سال کے قریب بتائی جاتی ہے، گلشن حدید میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا ، فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ، عمر 32 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر چھوڑ کر فرار ہوگیا جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید