کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ منگل کی شام کو کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ اس گرائونڈ پر پہلی بار میچ فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے فہیم اشرف کی یادگار اننگز کی بدولت نیدر لینڈز کے خلاف پہلا میچ تین وکٹ سے اسی گرائونڈ میں جیتا تھا جبکہ ممبئی میں امریکا نے اچھا آغاز کیا لیکن اسے بھارت کے ہاتھوں29رنز سے شکست ہوئی تھی۔ امریکی ٹیم ورلڈ کرکٹ میں غیر معروف ہے لیکن 2024 میں اس نے پاکستان کو سپراوور میں شکست دے کر تہلکہ مچادیا تھا۔ امریکی کپتان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہرا چکے ہیں ان پر پریشر بھی ہو گا ۔ صدر ٹرمپ کا پیغام دیکھا ہے اس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ ادھر پریکٹس سیشن کے بعد لیفٹ آرم فاسٹ بولر سلمان مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہار جیت ہو جاتی ہے ،یو ایس اے سے شکست ماضی کا حصہ ہے ،ہمارا فوکس اب امریکا کے میچ پر ہے ۔ ورلڈ کپ کے سب میچز اہم ہوتے ہیں ، اب تک سب میچ بہت کلوز ہوئے ہیں، ہمارا میچ بھی کلوز رہا لیکن جیت ہماری ہی ہوئی ، یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اب کوئی چھوٹی بڑی ٹیم نہیں رہی ۔یہاں پہلا فلڈ لائٹس میں میچ ہو رہا ہے ، فاسٹ بولرز کو مدد ملتی ہے، اندازہ نہیں ہے کنڈیشنز کیسی ہو گی، کمبی نیشن میں جو فٹ ہوتا ہے وہی کھیلتا ہے۔ 15 فروری کے میچ کا فیصلہ حکومت کا ہے ۔ فہیم اشرف نے اچھی اننگز کھیلی کسی نہ کسی کو پرفارم کرنا ہوتا ہے ۔امریکی کپتان محمد محسن نے کہا کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھا ، ہم نے اپنی مہارت میں اضافہ کیا ہے، امید ہے کہ کولمبو کا میچ اچھا ہو گا ۔ ہم نے گزشتہ ورلڈ کپ کے میچ کی آپس میں بات کی ہے ، پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اپنی جتنی آئوٹ پٹ دے سکتا ہوں دوں گا ۔