• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں جدید ہائبرڈ ویسکیولر سوٹ قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں جدید ہائبرڈ ویسکیولر سوٹ قائم، اینڈو ویسکیولر طریقہ علاج اور اوپن ویسکیولر سرجری ایک ہی آپریشن تھیٹر میں ممکن ہو سکے گی، عذرا پیچوہو۔ تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہائبرڈ ویسکیولر سوٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح صوبائی وزیر صحت و آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما ڈاکٹر صابر میمن، ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری، سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالحمید جمانی، بورڈ ممبران، سینئر ڈاکٹرز ودیگر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران بتایا گیا کہ یہ جدید ہائبرڈ ویسکیولر سوٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے جہاں اینڈو ویسکیولر طریقہ علاج اور اوپن ویسکیولر سرجری ایک ہی آپریشن تھیٹر میں ممکن ہو سکے گی۔ اس سہولت سے پیچیدہ اور ہنگامی مریضوں کا بروقت، محفوظ اور مؤثر علاج ممکن ہوگا جبکہ بار بار سرجری اور پیچیدگیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ اس جدید سہولت کا قیام حکومتِ سندھ کے اس عزم کا مظہر ہے جس کا مقصد طبی سہولتوں کو مضبوط بنانا اور خصوصی علاج عام شہریوں تک پہنچانا ہے۔ جدید ویسکیولر علاج سے شوگر، السر اور دیگر بیماریوں میں اعضاء کاٹنے کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی اور مریض بہتر زندگی گزار سکیں گے۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کی یہ کامیابی ماہر ڈاکٹرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں جہاں مریضوں کے ہاتھ یا ٹانگیں کاٹنے کی نوبت نہ آئے۔
اہم خبریں سے مزید