اسلام آباد ( طاہر خلیل )ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس سی پی آئی 2025 جاری کردیا 2024 کے مقابلے میں پاکستان کا مجموعی اسکور ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28 تک پہنچ گیا،رپورٹ کے مطابق2025 میں بھی گزشتہ چار سالوں کی گڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کے مجموعی اسکور میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ ترین رپورٹ میں پاکستان نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136 ویں پوزیشن حاصل کی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے اعشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی خصوصاً انتظامی بدعنوانی اور عدالتی کرپشن سمیت اہم اعشاریوں میں پانچ پوائنٹس تک کی بہتری آئی 2024 کے مقابلے میں 2025 میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں دو مزید ممالک کا سروے بھی شامل کیا 2024 میں 180 جبکہ 2025 میں 182 ممالک کا سروے کیا گیا 2021 سے 2025 تک پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی۔