• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL آکشن، نسیم شاہ کی قیمت 8 کروڑ 65 لاکھ روپے، مہنگے ترین کرکٹر

کراچی (عبدالماجد بھٹی)پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلیئرز آکشن میں مختلف فرنچائزز نے اہم ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھاری بولیوں پر اپنی ٹیموں کا حصہ بنالیا۔ راولپنڈی نے نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر حاصل کیا جبکہ فہیم اشرف ساڑھے 8 کروڑ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بنے ۔ کراچی کنگز نے آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خریدا۔ لاہور قلندرز نے فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ جبکہ حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 5 کروڑ 85 لاکھ روپے میں کراچی کنگز کا حصہ بنے۔ سمیر منہاس کو 1.90 کروڑ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا۔ راولپنڈی نے ڈیرل مچل کو 8 کروڑ 5 لاکھ روپے جبکہ محمد عامر کو 5 کروڑ 40 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے میکس برائنٹ کو ایک کروڑ 95 لاکھ اور مارک چیپمین کو 7 کروڑ روپے میں خریدا۔ پشاور زلمی نے مائیکل بریسویل اور کوشال مینڈس کو چار، چار کروڑ بیس لاکھ ،آل راؤنڈر افتخار احمد کو ایک کروڑ 80 لاکھ روپے میں خریدا۔ کراچی کنگز نے ایڈم زیمپا کو 4 کروڑ 50 لاکھ، میر حمزہ کو 2 کروڑ 40 لاکھ اور عاقب الیاس کو 60 لاکھ روپے میں خریدا، فاسٹ بولر احسان اللہ کو 1 کروڑ 5 لاکھ کی بولی لگا کر ٹیم میں شامل کیا۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے پیٹر سیڈل کو 2 کروڑ 50 لاکھ، تبریز شمسی کو 2 کروڑ 20 لاکھ اور ایشٹن ٹرنر کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ نئی فرنچائز حیدرآباد نے محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ، کوشال پریرا کو 3 کروڑ 10 لاکھ اور محمد عرفان خان نیازی کو 2 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خریدا۔ کوئٹہ نے خواجہ نافع کو 6 کروڑ 50 لاکھ، جہانداد خان کو 2 کروڑ 50 لاکھ اور نوجوان اسپنرز فیصل اکرم اور عرفات منہاس کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔ لاہور قلندرز نے اسامہ میر کو 3 کروڑ 50 لاکھ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد وسیم جونیئر کو 4 کروڑ 10 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ پشاور زلمی نے محمد حارث کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں واپس لیا۔ویسٹ انڈیز کے شیمار جوزف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 1 کروڑ 10 لاکھ میں اور بیون جیکبز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 60 لاکھ روپے میں خریدا۔ آکشن میں کئی نمایاں کھلاڑیوں میں کسی فرنچائز نے دلچسپی ظاہر نہیں کی جن میں شان مسعود، حیدر علی، آصف علی، شاہنواز دھانی،عثمان خواجہ، جمی نیشم، کولن منرو، کامران غلام، حسین طلعت ، محمد حسنین،بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اور کرس جارڈن شامل تھے۔ بدھ کو لاہور میں ہونے والے آکشن کے مہمان خصوصی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی تھے۔ پی ایس ایل پلیئر آکشن میں 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہوئے جبکہ ٹیموں کو اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کیلئے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا۔ آکشن سے قبل محمد رضوان، سیم بلنگ، زمان خان اور یاسر خان راولپنڈی ٹیم کا حصہ بن چکے تھے۔

اسپورٹس سے مزید