کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد جنوبی افریقا نے افغانستان کو دو سپر اوور کے بعد شکست دے دی۔ رحمان اللہ گرباز کے حملے رائیگاں گئے۔ میچ دو بار ٹائی ہوا۔ دو مسلسل میچ ہارنے کے بعد افغان ٹیم کا دوسرے مرحلے میں پہنچنا ناممکن ہوگیا ہے۔ لونگی نگیدی 26رنز دے کر تین وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ احمد آباد میں پروٹیز نے187 رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان نے بھی 187رنز اسکور کیے۔ پہلے سپر اوور میں دونوں ٹیموں نے17، 17 رنز جبکہ دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے 23 رنز اسکور کیے لیکن افغان ٹیم 19 رنز بنا سکی ، گرباز مسلسل تین چھکے لگاکر بھی میچ نہ جتواسکے۔ قبل ازیں جنوبی افریقا نے 12 رنز پر پہلی وکٹ گنوائی۔ مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور اپنی ففٹیز مکمل کیں۔ ڈیوالڈ بریوس 23 جبکہ ڈیوڈ ملر 20 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ افغانستان کے عظمت عمر زئی نے 3 اور راشد خان نے دو وکٹ لیے۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوزیشن مضبوط تھی تاہم 13 گیندوں پر 5 وکٹ گنواکر پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنزپر آؤٹ ہوگئی۔ رحمان اللہ گرباز نے 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر دھواں دھار 87 جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 22 اور راشد خان نے 20 رنز بنائے۔ اس سے قبل افغانستان کو نیوزی لینڈ سے شکست کا ہوئی جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو ہرایا تھا۔