اسلام آ باد ( رانا غلام قا در)خلیجی ممالک پاکستانی بھکاریوں، چوروں، جعلسازوں کیلئے جنت،سال 2025کے دوران خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں،وزارت سمندر پار پاکستانیز نے وقفہ سوالات میں تحریری جواب میں بتایا کہ سال 2025 میں خلیجی ممالک سے کل 38 ہزار 616 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ،بحرین سے 786، کویت 163، عمان 537 2،سعودی عرب 27692، یواےای 6794 اور قطر سے 644 ڈی پورٹ ہوئے۔ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی غیر قانونی قیام، ویزا خلاف ورزی،بھکاری،چوری، اقامہ میعادختم اور دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ۔شازیہ مری کے سوال پر وزارت داخلہ نے بتایا کہ ا یف آئی اے نے جنوری 2025سے اب تک غیر ملکی کرنسی کے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں، غیر قانونی ہنڈی اور حوالہ ڈیلرز کے خلاف 551چھاپے مارے،576مقدمات درج کئے، 703 ملزمان گرفتار کئے،324کیسز میں سزا بھی دی گئی ۔ وزارت دفاع نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے جامع قومی یوٹیلائزیشن فریم ورک تیار کر لیا،پاکستان کی پہلی ہائپر سپیکٹریکل سیٹلائٹ اس وقت آربٹ ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔ سیٹلائٹ ٹیسٹنگ کے بعد مختلف آرگنائزیشنز کے لئے امیج ڈیٹا رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہو گا،جامع قومی یوٹیلائزیشن فریم ورک پر مثبت عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ فریم ورک کے تحت زراعت، ماحولیات، ڈیزاسٹر منیجمنٹ میں شہریوں کے لیے سروسز فراہم کی جائیں گی۔