کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ میں پولیو مہم، تقریبا ڈھائی لاکھ بچے قطرےنہ پی سکے۔کراچی میں4.6،حیدرآباد میں2.4،لاڑکانہ میں2.2 ، میرپورخاص و سکھرمیں2،شہید بینظیرآبادمیں1 فیصد بچے رہ گئے۔ سندھ میں رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کی ریکارڈ کامیابی، وزیراعلیٰ کا اظہار اطمینان مجموعی انتظامی کوریج 100 جبکہ گھر گھر ویکسی نیشن کی شرح 99فیصد رہی، حوصلہ افزا اعداد و شمار کے باجود تقریباً 2لاکھ 37ہزار 216بچے رہ گئے، رہ جانے والے بچوں کی بڑی تعداد کراچی اور حیدرآباد میں ہے، تفصیلات کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (پی ای او سی) نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں 2سے 8فروری 2026تک جاری رہنے والی صوبائی انسداد پولیو مہم پر مفصل رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سال 2026 کے پہلے قومی انسداد پولیو دنوں (این آئی ڈیز) کے دوران حاصل کی گئی بلند شرح کوریج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوصلہ افزا اعداد و شمار کے باوجود رپورٹ میں تقریباً 2 لاکھ 37 ہزار 216 ایسے بچوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں تاحال ویکسین نہیں دی جا سکی (2.6 فیصد)، جن کی بڑی تعداد کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی بچے کو وائرس کے خطرے سے دوچار نہ رہنے دیا جائے۔مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ کراچی اور حیدرآباد جیسے شہری مراکز میں رسائی مزید تیز کی جائے تاکہ باقی رہ جانے والے بچوں تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (پی ای او سی) کو ہدایت کی کہ صفر خوراک والے بچوں کے لئے فالو اپ سرگرمیوں کو ترجیح دی جائے تاکہ ان کی قوت مدافعت مضبوط بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ یونین کونسل سطح پر فعال نگرانی برقرار رکھیں تاکہ کوریج میں کسی بھی مقامی خلا کو دور کیا جا سکے۔