• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کو فنڈز مہیا کرنا کوئی احسان نہیں، ہمیں تقسیم کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہبلوچستان کو فنڈز مہیا کرنا کوئی احسان نہیں ،ہمیں تقسیم کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔پنجاب کے طرف سے د ہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان کو 10ارب روپے کے47اقسام کے جدید ترین سیفٹی اور سیکیورٹی آلات فراہم کردیئے گئے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کوئٹہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز بلوچستان کا دورہ کیا اورایف سی ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی کے افسران اور جوانوں کو میری اور پنجاب کے طرف سے سلام پیش کیا اورکہا کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز کوئٹہ آنا میرے لئے اعزازسے کم نہیں۔بلوچستان تنہا نہیں،پنجاب ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ایف سی بلوچستان کو کیپسٹی بلڈنگ بڑھانے کیلئے فنڈز مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فنڈز مہیا کرنا کوئی احسان یا فیور نہیں بلکہ بلوچستان کا حق ہے۔ایف سی کے جوان ملک و قوم کیلئے لڑتے ہیں، ان کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ گھر میں شہید کیپٹن محمدعلی قریشی کے ایف سی کی وردی، ٹوپی اور میڈلز سجے تھے۔ ملک کیلئے قربانی دینے والے شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ہم نے مضبوطی کیساتھ ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنا ہے۔مضبوط موقف اور ٹھوس انداز سے منفی بیانیہ کو رد کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں تقسیم کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں تمام فورسز دشمنوں کو قلع قمع کررہی ہیں۔ پاکستان نے بھارت جیسے بڑے دشمن کو دھول چٹائی۔دشمن اپنے بیانیے کے ذریعے ہماری صفوں میں داڑیں ڈالنا چاہتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ سفید کو سفید اور سیاہ کو سیاہ کہنا چاہیے۔ ہم مضبوط ہیں تو ہمارا بد ترین دشمن بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ بلوچستان میں امن وامان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے۔
اہم خبریں سے مزید