• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایران سرحد کو ترقی کے زون میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم، زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے سرحدی انتظام، انسداد دہشتگردی اور اپنی مشترکہ سرحد کو تعاون، قانونی تجارت اور ترقی کے زون میں تبدیل کرنے کےلئے پرعزم ہیں، پاکستان عالمی سطح پر متوازن تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تحمل، گفت و شنید اور علاقائی امن کے فروغ کےلئے تعمیری کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ایران کے قومی دن کے موقع پر ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزرا، گورنر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے علاوہ پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، پارلیمنٹرینز، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ ان کے قومی دن کی تقریب میں شامل ہونا میرے لئے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف پڑوسی بلکہ تہذیبی شراکت دار ہیں، ہماری مشترکہ سرحد صدیوں پر محیط تعلقات، بقائے باہمی اور باہمی احترام کی عکاسی کرتی ہے، ہمارے تعلقات کی جڑیں عقیدے، تاریخ اور پائیدار ثقافتی بندھنوں سے جڑی ہوئی ہیں جو آج بھی ہمارے خطے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید