کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوام کو بنیادی حقوق دلوانے کیلئے 14فروری کا دھرنا ناگزیر ہے، جماعت اسلامی عوام کو سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، ایجوکیشنل کمپلیکس کا افتتاح ،میڈیا سے گفتگو ،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نےکہا ہے کہ جماعت اسلامی صرف مطالبات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ عملی طور پر عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم اپنے حصے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوامی حقوق کی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے۔ 14 فروری کو سندھ اسمبلی کا دھرنا عوام کے حق، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کے لیے ہے۔ یہ بات انہوں نے امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن اور ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید محمد مظفر کے ہمراہ ناظم آباد ٹاؤن کے تحت ناظم آباد نمبر 1 میں راشد منہاس ایجوکیشنل کمپلیکس اور 1ہزار گھروں کو پانی کی فراہمی کے لیے قائم پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ حافظ نعیم نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ٹاؤنز کو انتہائی محدود وسائل دیے جاتے ہیں جن کا بڑا حصہ تنخواہوں میں خرچ ہو جاتا ہے۔