ملتان ،خانیوال ،کوٹ ادو(سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ ،نامہ نگار) حادثات میں خاتون سمیت دوجاں بحق، ایک شخص کی خودکشی، نوجوان کی نعش برآمد،خانیوال میں دو افراد مٹی کے تودے تلے دب گئے۔سٹی شجاع آباد کے علاقے رمضان اپنی بیوی شہناز موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جارہے تھے کہ ٹرن لیتے ہوئے تیز رفتار کار کی ٹکر سے شہناز دم توڑ گئی جبکہ رمضان زخمی ہو گیا، صدر شجاع آباد کے علاقے شوکت موڑ پر کنیز مائی اپنے بیٹے ثقلین کے ساتھ جارہی تھی کہ وین کی ٹکر سے دونوں زخمی ہوگئے ۔کوٹ ادو میں دیوان چوک کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سوار موڑ کاٹتے ہوئے سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار محمد شریف سکنہ تحصیل تونسہ شریف چل بسا۔ملتان میں جنرل بس سٹینڈ پر نامعلوم نوجوان مردہ حالت میں پایا گیا جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور نامعلوم جس کی شناخت نہ ہوسکی جو بظاہر نشئی معلوم ہوا ۔بستی بوہڑکے رہائشی 42سالہ محمد حسین نے گھریلو لڑائی جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا کر جان دے دی،اسی تھانہ کی حدود علی ٹاون کا35سالہ اشرف قریبی ہوٹل سے کھانا لایا جس کی کوئی زہریلی چیز کھانے سے موت ہوگئی پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص آئس نشے کا عادی تھا ۔خانیوال کے نواحی علاقے گل آباد 14 ایٹ آر میں کنویں میں کام کرتے ہوۓ مٹی کا تودا گرنے سے 2 مزدور دب گئے ۔ مزدوروں کو ریسکیو کرنے کے لیے رات گئے تک آپریشن جاری رہا۔