اسلام آباد( جنگ نیوز) اس سال کے شروع میں پاکستان بھر کے بیشتر ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک نکلے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوری 2026ء میں 87 میں سے 67 اضلاع کے ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک پائے گئے، ملک بھر میں 127 مقامات سے لیے گئے نمونوں میں صرف 24 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ خیبر پختون خوا کے جنوبی اضلاع میں پولیو کے 4 ماحولیاتی نمونے مثبت رپورٹ ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ سندھ میں زیادہ تر مثبت نمونے کراچی اور ملحقہ اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی کے 4 ماحولیاتی مقامات طویل عرصے بعد پولیو وائرس سے پاک ہوگئے۔