کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ، رمضان المبارک میں مستحقین کی بھرپور مدد کی جائے،خالد مقبول، اراکینِ اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کریں،اجلاس میں ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بہادرآباد مرکز پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہری سندھ کے ترقیاتی پیکجز اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس کے دوران چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ مقدس میں مرکز بہادرآباد کے اوقات کار دوپہر 2 بجے سے 5 بجے تک اور رات 8 بجے سے 10 بجے تک ہوں گے۔