سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و لاڑکانہ ڈویژن میں خونی تنازعات کے خاتمہ اور پائیدار قیام امن کے لئے سرکٹ ہاؤس میں چار روزہ اہم بیٹھک (جرگہ) شروع، کچے کے خونی تنازعات اور زمینوں پر قبضے سمیت دیگر مسائل کا حل کرنے کی راہیں ہموار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سرنڈر کرنے والے انعام یافتہ بدنام زمانہ ڈاکوؤں کو پولیس پروٹوکول میں پیش کیا گیا۔ گزشتہ روز منعقدہ بیٹھک (جرگہ) میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار علی گوہر خان مہر، ڈاکٹر ابراہیم جتوئی، غوث بخش خان مہر، شہریار شر، امیر بخش بھٹو سمیت دیگر سرداروں وڈیروں نے شرکت کی۔ پہلے دن گھوٹکی کی مختلف برادریوں سیلرو، شر، کوش ودیگر کے درمیان جاری تنازعات زیر بحث رہے، ان تنازعات میں مجموعی طور پر 50سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔متاثرہ لوگوں کے بیانات سنیں گئے ہیں، جرگہ سسٹم کے تحت فریقین پر جرمانہ عائد کئے جائیں گے اور فریقین کو افہام و تفہیم کے ساتھ شیر و شکر کیا جائے گا۔