پشاور(کرائم رپورٹر)پشاو رکے علاقے داودزئی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے جواں سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، مقتول شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آیا تھاجہاں اچانک ہوائی فائرنگ ہوئی، واقعہ کے بعد خوشیوں والے گھرمیں ماتم بچھ گیا۔ داودزئی پولیس کے مطابق گزشتہ روز میلوگان ناگمان کے علاقے میں شادی کی تقریب تھی جس میں شرکت کیلئے 22سالہ عمر ولد زرین خان سکنہ ناگمان بھی آیا تھا، اس دوران تقریب میں اچانک فائرنگ شروع ہوئی جبکہ شادی کی جگہ سے کچھ گز کے فاصلے پر عمر کی نعش پڑی ملی جو گولی لگنے سے جاں بحق ہوچکا تھا۔ پولیس کا کہناہے کہ نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کردی گئی ہے تاہم یہ معلوم نہ ہوسکا کہ وہ کس کی فائرنگ سے جاں بحق ہواہے۔ پولیس نے بتایاکہ ورثاءنے کسی پر دعویداری نہیں کی ہے جبکہ واقعہ کی مختلف پہلووں سے تفتیش شرو ع کردی گئی ہے ۔