پشاور (اے پی پی) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز فردوس بازار میں تجاوزات کے مسئلے کے حل کیلیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے یکساں سائز اور ایک ہی ڈیزائن کی ریڑھیاں(ہتھ ریڑھیاں) متعارف کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے اسٹیڈیم روڈ اور پردہ باغ روڈ کو تجاوزات سے پاک کرنے اور فردوس سبزی منڈی کو اپنے حدود میں منتقل کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر فقیر آباد سائمہ جبین اور ان کی ٹیم کیلیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے اداروں میں مثبت مقابلے کی فضا قائم ہوگی اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ ہدایت کمشنر پشاور ڈویژن نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ ثنا اللہ کے ہمراہ شہر کے دورے کے دوران جاری کی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد ریڑھی بانوں کے روزگار کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ یکساں سائز اور ڈیزائن کی ریڑھیاں متعارف کرانے سے نہ صرف بازاروں میں نظم و ضبط قائم ہوگا بلکہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بے ترتیب اور منتشر انداز میں کھڑی ریڑھیوں کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر فردوس بازار میں اس ماڈل کو بطور پائلٹ پراجیکٹ نافذ کیا جائے گا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسے مرحلہ وار شہر کے دیگر بازاروں تک توسیع دی جائے گی۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ ریڑھی بانوں کے ساتھ مشاورت کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے اس منصوبے کو مثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جن سے شہریوں کو سہولت میسر آئے اور ساتھ ہی محنت کش طبقے کا روزگار بھی متاثر نہ ہو۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، تجاوزات کے خاتمے اور شہری نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے ایسے مثر اور دیرپا اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے پیر کے روز اسسٹنٹ کمشنر فقیر آباد اور ان کی ٹیم کو اپنے دفتر طلب کیا تاکہ ان کو بہترین کارکردگی پر انعامات دیئے جاسکے۔