• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے کالجز کے لیکچرارز کی تنخواہوں میں تاخیر کیخلاف قرارداد منظور

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئی قائم شدہ کالجز کے لیکچرارز کی تنخواہوں اور پی سی ون ریویژن میں تاخیر پر قرارداد منظور کرلی گئی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں پراجیکٹ ہائیر ایجوکیشن فنکشنلیز ان نیولی اسٹیبلشڈ کالجز کے ینگ لیکچرارز اور دیگر ملازمین کو درپیش مالی و انتظامی مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ایم پی اے داؤد شاہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تحت تعینات لیکچرارز اور دیگر عملہ گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پی سی ون ریویژن (PC-1 Revision) کا عمل محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (P&D) میں تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملہ فوری طور پر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (PDWP) سے منظور کرایا جائے تاکہ پی سی ون ریویژن کی منظوری ممکن ہو سکے اور متاثرہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ایوان نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ اساتذہ اور دیگر عملے میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
پشاور سے مزید