کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے علاقے کلی بنگلزئی کسٹم کی رہائشی بی بی شاہدہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ میرے بیٹوں کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بناکر ہمیں اذیت سے نجات دلائی جائے،یہ بات انہوں نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ میں چیئرمین نصر اللہ بلوچ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 3 فروری کی رات فورسز اور قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکاروں نے ہمارے گھر واقع کلی بنگلزئی سریاب کسٹم پر چھاپہ مارا اور میرے دو بیٹوں تنویر احمد اور بشیراحمد کو اپنے ہمراہ لے گئے ہمارے پوچھنے پر بتایا گیا کہ پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیں گے لیکن 12 روز گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں معلومات نہیں دی جارہیں اور نہ ہی انہیں چھوڑا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا خاندان شدید ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا ہے تنویر احمد 17جبکہ بشیر احمد کی عمر 15 سال ہے اور میرا شوہر فوت ہوچکا ہے میں بے سہارا ماں ہوں انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ میرے بیٹوں کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بناکر ہمیں اذیت سے نجات دلائی جائے۔