• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس دہندگان کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے، وفاقی ٹیکس محتسب

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب کے مشیر توصیف احمد نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کا خاتمہ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کرپشن، رشوت ستانی، اقربا پروری، غفلت یا نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔وفا قی ٹیکس محتسب کے ایڈوائزر توصیف احمد کا کہنا تھا کہ بدعنوانی یا کوتاہی کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق چارج شیٹ جاری کی جاتی ہے اور ماورائے قانون اقدامات کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریبونل کے فیصلوں پر عملدرآمد بھی ادارے کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے، ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کا خاتمہ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کرپشن، رشوت ستانی، اقربا پروری، غفلت یا نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،اس موقع پر تاجر نمائندوں نے ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کرنے کے باوجود مال بردار گاڑیوں کو روکنے، سالوں بعد مقدمات درج کرنے اور غیر ضروری وضاحتیں طلب کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی ٹیکس محتسب اس ضمن میں احکامات جاری کر کے تاجروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے۔صدر چیمبر نے کہا کہ موجودہ دگرگوں معاشی حالات میں تاجر برادری پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں اضافی رکاوٹیں کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہیں۔
کوئٹہ سے مزید