• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کا احتجاج جاری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کا مطالبات کے حق میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ اتوار کو 53 ویں روز بھی جاری رہا ، مختلف سیاسی جماعتوں اور ملازمین تنظیموں کے رہنماؤں نے کیمپ آکر ریٹائرڈ ملازمین سے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین لعل جان مری ، تاج محمد ، شاہ محمد ، عنایت اللہ اور دیگر نے کہا کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ تین سال سے اپنے قانونی اور آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 27 مئی 2024ء کو ہمارے کیمپ میں آکر ہمارے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے انہیں حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ میر شعیب نوشروانی ، وزیرصحت بخت کاکڑ ، اسپیشل سیکرٹری ہوم ، ڈی جی لیویز پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی گئی جس کے ساتھ مذاکرات میں طے پایا کہ لیویز ریٹائرڈ ملازمین کو صوبائی حکومت گولڈن ہینڈ شیک دے گی جس پر فیڈرل لیویز کے نمائندوں نے اتفاق کیا ، صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی سے منظوری کے باوجود تاحال اس مسئلے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے حکومت جائز مطالبات پرعملدرآمدکرے۔
کوئٹہ سے مزید