اسلام آباد (عاصم جاوید) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا بچوں سے زیادتی، جنسی ہراسانی، منشیات کے استعمال، بھیک منگوانے، انسانی اسمگلنگ اور یتیم بچوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اداروں کی غیر مؤثر کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسیاں صرف کاغذوں تک محدود ہیں ، آئندہ اجلاس میں چیئرمین نادرا، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کر لیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس پیر کو زیر صدارت رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار منعقد ہوا۔ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ان سماجی برائیوں کی روک تھام میں خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو سکی، پالیسیاں صرف کاغذوں تک محدود نظر آتی ہیں اور نچلی سطح پر ان پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔