اسلام آباد (عاصم جاوید)عمران کے طبی معائنے کے باوجود پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کا دھرنا جاری،اپوزیشن اتحاد کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ ۔ ذاتی معالجین اور فیملی ارکان کی پانی پی ٹی ائی سے ملاقات کے مطالبات کیساتھ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا پیر کو چوتھے روز بھی جاری رہا۔ رکاوٹیں ہٹائے جانے پر کے پی ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز کے باہر دھرنا دینے والے ارکان بھی مرکزی دھرنے میں شامل ، دریں اثنا تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین نے تصدیق کی کہ رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد کے پی ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز کے باہر دھرنا دینے والے ارکان بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری دھرنے میں شامل ہو گئے، جس کی قیادت محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سوشل میڈیا پر پارلیمنٹ ہاؤس کی مرکزی لابی میں جاری دھرنے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کی ملاقات کرائی جائے۔