• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفاف اور ڈیجیٹل امتحانی نظام اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ سندھ

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے نئے تعمیر شدہ جدید طرز کے سیکریٹریٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا اور اسے صوبے میں میرٹ پر مبنی بھرتیوں‘ ڈیجیٹل تبدیلی اور بہتر طرز حکمرانی کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ‘ وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو اور میئر حیدرآباد کاشف شورو بھی موجود تھے۔ چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن محمد وسیم اور اراکین نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے پورے سندھ میں میرٹ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شفاف اور ڈیجیٹل امتحانی نظام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (سی بی ٹی) شفافیت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور قابل نوجوان سندھ کا روشن مستقبل ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی فلاح کے اقدامات میں مسلسل پیش پیش رہے گی۔ چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن محمد وسیم نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ایکڑ اراضی پر 2 ارب 49 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے اس جدید کمپلیکس میں ڈیجیٹل لائبریری‘ سی بی ٹی لیبارٹری‘ آڈیٹوریم‘ کیفے ٹیریا‘ جمنازیم اور مسجد شامل ہیں‘ نئی عمارت سے بیرونی مقامات پر انحصار کم ہوگا اور کمیشن کی انتظامی خودمختاری مزید مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کمپلیکس کی تمام سہولیات کا معائنہ کیا اور عالمی معیار کی ڈیجیٹل لائبریری میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا جس میں 300 سے زائد امیدواروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
اہم خبریں سے مزید